لاہور: پاکستان کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے قومی کپتان بابر اعظم کو مکمل اعتماد کا ووٹ دے دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ جلد بڑے اسکور کی طرف واپس آئیں گے۔

مائیک ہیسن نے بتایا کہ بابر تکنیکی طور پر مضبوط بیٹر ہیں اور ان کے کھیل میں کوئی کمی نہیں۔ ان کے الفاظ میں، “بابر نے صحیح ٹائمنگ اور اچھے انداز میں گیند کو کھیلنے کا مظاہرہ کیا، اگرچہ گزشتہ ون ڈے سیریز میں جنوبی افریقہ کے خلاف ان کے رنز کم رہے، لیکن یہ عارضی فارم ہے اور وہ جلد بڑے اسکور کے قریب ہوں گے۔”
ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ بابر کو ہر اسٹارٹ کو بڑے رنز میں بدلنے کی فکر نہیں کرنی چاہیے بلکہ ان کا فوکس اپنی بیٹنگ ریتم اور درست فیصلے کرنے پر ہونا چاہیے۔ پہلے میچ میں گیند کی کم اونچائی نے ان کے اسکور کو متاثر کیا، جبکہ تیسرے میچ میں انہوں نے دباؤ کے باوجود اچھی کارکردگی دکھائی، لیکن بدقسمتی سے رن آوٹ ہو گئے۔
ہیسن نے بابر کے مثبت گیم پلے، دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت اور گیپ شاٹس کو سراہا اور کہا کہ یہ فارم جلد بڑے اسکور میں تبدیل ہوگی۔
بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف تین ون ڈے میچز میں مجموعی طور پر 45 رنز بنائے، ان کی اوسط 15 اور اسٹرائیک ریٹ 78.94 رہا۔ پاکستان نے اس سیریز میں پہلی بار اپنے ملک میں جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی حاصل کی۔
اب بابر اعظم اگلے تین ون ڈے میچز میں سری لنکا کے خلاف کھیلیں گے، جو 11 نومبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوں گے۔



















